امریکا میں سابق اسرائیلی سفیر نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ اور لبنان میں جاری جنگوں کے دوران بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان کشیدگی رہی۔
بدھ کی رات اسرائیل حیوم کے لیے ایریل کہانا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، امریکا میں سابق اسرائیلی سفیر مائیکل ہرزوگ نے انکشاف کیا کہ امریکا کے سابق وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے آئی او ایف کی سب سے خفیہ اور ایلیٹ انٹیلیجنس یونٹس میں سے ایک، یونٹ 504، پر پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کی تھی۔
ہرزوگ نے کہا، "انہوں نے پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا۔” انہوں نے مزید کہا، "ہم نے آخری لمحے میں ان کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ کچھ مواقع پر حالات بہت مشکل تھے، اور کچھ مواقع پر تو امریکی بالکل بے قابو ہو گئے تھے۔”
رپورٹ کے مطابق، جنگ کے دوران امریکی حکام اسرائیلی فیصلوں سے ناخوش تھے۔ ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے، بلنکن نے زور دیا کہ ایسے اسرائیلی اقدامات وسیع تر جنگ کا سبب بن سکتے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ قابض افواج نے حد سے تجاوز کیا۔
ہرزوگ نے مزید کہا، "مجھے کئی بار شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور انہوں نے کہا: ‘تم پاگل ہو گئے ہو، تمہاری عقل پر پتھر پڑ گئے ہیں، تم ایسا کام کیسے کر سکتے ہو جو کشیدگی کو بڑھا دے؟ تم نے انجام پر غور کیے بغیر قدم اٹھایا اور پھر ہم سے مدد مانگو گے؟’ اسرائیل کے کچھ اقدامات پر شدید بحث ہوئی، کیونکہ امریکیوں کے نزدیک یہ حد سے تجاوز تھا۔”
ہرزوگ نے سابق امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان نمایاں کشیدگی پر بھی بات کی، خاص طور پر اس وقت جب امریکا نے رفح میں زمینی آپریشن شروع ہونے سے قبل اسرائیل کو فوجی امداد روک دی تھی۔
ان کشیدگیوں کے باوجود، ہرزوگ نے اس بات پر زور دیا کہ بائیڈن انتظامیہ نے جنگ کے اہم لمحات میں اسرائیل کی حمایت کی، بشمول گولہ بارود فراہم کرنا، ایرانی میزائل حملوں کے خلاف دفاع میں مدد دینا، عالمی عدالتوں میں اسرائیل کی حمایت کرنا، اور اقوام متحدہ میں متعدد بار ویٹو پاور کا استعمال کرنا۔
قطر کے حوالے سے، ہرزوگ نے اسے "بہت پیچیدہ کردار ادا کرنے والا ملک” قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات میں اس کا کردار تناؤ کا باعث تھا۔
ہرزوگ نے وضاحت کی، "قطر ایک بہت ہی پیچیدہ کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مدد کی اور معاہدہ کروانے میں اہم کردار ادا کیا، لیکن بطور شخص جس نے مذاکرات کے دستاویزات دیکھے ہیں، میں اکیلا نہیں ہوں جو یہ محسوس کرتا ہے کہ انہوں نے طویل عرصے تک حماس پر مناسب دباؤ نہیں ڈالا۔”
انہوں نے مزید کہا، "صرف مذاکرات کے آخری مرحلے میں انہوں نے حماس پر دباؤ ڈالنے کے لیے موثر اقدامات کیے، لیکن اس سے پہلے وہ ہر ممکن حد تک اقدامات کرنے میں ناکام رہے۔”

