حکومت نے زرعی ٹیوب ویل اور 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کےلیے بڑی خوشخبری کا اعلان کردیا۔
پاور ڈویژن نے زرعی ٹیوب ویل صارفین اور 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا فائدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل، جون 2015 سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا فائدہ روک دیا گیا تھا، جبکہ دسمبر 2010 میں زرعی ٹیوب ویل صارفین کے لیے بھی یہ سہولت ختم کر دی گئی تھی۔
اب پاور ڈویژن نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے، جس کے تحت فیول کاسٹ میں کمی کا فائدہ زرعی ٹیوب ویل اور 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔ اس اقدام سے ان صارفین کے ماہانہ بجلی بلوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

