اسلام آباد – چینی ایڈوائزری بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ میونسپل سطح پر چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جہاں عوام کو 130 روپے فی کلو مقررہ نرخ پر چینی فراہم کی جائے گی۔ جمعہ کے روز وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت چینی ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان المبارک کے دوران چینی کی دستیابی، قیمتوں کے استحکام اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بورڈ نے فیصلہ کیا کہ میونسپل سطح پر چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جہاں عوام کو 130 روپے فی کلو مقررہ نرخ پر چینی فراہم کی جائے گی۔
فیصلے کے مطابق تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اپنی اپنی حدود میں فوری طور پر چینی کے اسٹالز کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔ سندھ میں 230 اسٹالز، خیبر پختونخوا میں 405 سیل پوائنٹس، اور پنجاب و بلوچستان میں بھی سینکڑوں اسٹالز لگائے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد عام شہریوں کو سستی چینی کی فراہمی کو یقینی بنانا اور ذخیرہ اندوزی و قیمتوں میں ہیرا پھیری کی روک تھام ہے۔ صوبائی حکومتیں ان اسٹالز پر سیکیورٹی، صفائی اور ہجوم کے انتظامات کی نگرانی کریں گی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ہدایت کی کہ رمضان کی 27 تاریخ تک چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اور کسی بھی ممکنہ مسئلے کے فوری حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ میونسپل سطح پر چینی کے اسٹالز لگانے کا مقصد عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچانا ہے، اور حکومت اس اقدام کے مؤثر نفاذ کی سخت نگرانی کرے گی۔
مزید برآں، پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (PSMA) اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس اقدام میں مکمل تعاون کریں تاکہ چینی کی سپلائی چین متاثر نہ ہو اور کم آمدنی والے طبقے کو رمضان کے دوران آسانی سے چینی میسر آسکے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں چینی کی ہموار ترسیل اور تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کریں گی۔ وفاقی حکومت رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمتوں کے استحکام اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

