وزیر خزانہ نے العلا کانفرنس میں معاشی اصلاحات کو اجاگر کیا
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کے محتاط مالیاتی انتظامی اقدامات نے معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے۔ سعودی عرب میں پیر کے روز منعقدہ العلا کانفرنس برائے ابھرتی ہوئی معیشتوں سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر خزانہ نے طویل مدتی معاشی استحکام کے لیے سخت مگر ضروری پالیسی فیصلوں کے حکومتی عزم پر زور دیا۔ یہ پینل مباحثہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ محمد اورنگزیب نے اپنے خطاب میں ٹیکسیشن ریفارمز، توانائی کے شعبے کی تنظیمِ نو اور برآمدات کے فروغ جیسے کلیدی شعبوں پر روشنی ڈالی، جنہیں انہوں نے پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک کی معیشت کے "ڈی این اے” کو تبدیل کر دیا ہے اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ماڈل کی طرف پیش رفت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس اسٹریٹجک تبدیلی کو پاکستان کی عالمی معاشی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار اور متنوع ترقی کو فروغ دینے کے لیے بھی اہم قرار دیا۔ دریں اثنا، ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے نو رکنی وفد کا اس وقت پاکستان کا دورہ جاری ہے۔ یہ وفد، جو ورلڈ بینک کے تحت مختلف ممالک کے منصوبوں کی نگرانی کرتا ہے، پاکستان میں اقتصادی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرے گا۔

