بدھ, فروری 11, 2026
ہومپاکستانبلوچستان: ہرنائی میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں...

بلوچستان: ہرنائی میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں بحق، 7 زخمی
ب

بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کول مائن ایریا میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب بم دھماکے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ تحصیل شاہرگ میں کوئلے کی لیبر گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک پک اَپ گاڑی میں سوار 9 مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق، دھماکا ممکنہ طور پر بارودی سرنگ کا تھا، جس میں مزدوروں کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ کوئلے کی کانوں میں کام کے لیے جا رہے تھے۔ تاہم، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے تصدیق کی کہ دھماکے کا ہدف پک اَپ گاڑی تھی، جس میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کوئلے کی کانوں میں مزدوری کرتے تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے بی ایچ یو شاہرگ منتقل کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں، زخمیوں میں سے ایک مزید مزدور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں مزدوروں کی گاڑی نشانہ بنی۔ بلوچستان حکومت نے تحصیل شاہرگ ٹاکری میں ہونے والے اس دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی اور مزدوروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ حکومتی ترجمان شاہد رند کے مطابق، واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ دھماکا خیز مواد پہلے سے نصب تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی اور جاں بحق مزدوروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں اور حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زخمی مزدوروں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، اور بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین