بدھ, فروری 11, 2026
ہومپاکستانسیکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوا میں آپریشن، 13 خارجی دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوا میں آپریشن، 13 خارجی دہشت گرد ہلاک
س

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5 علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے 13 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان، وزیرستان، لکی مروت اور خیبر کے علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیے گئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں ہونے والے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں خارجی شاہ گل عرف روحانی سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ شمالی وزیرستان کے دو مختلف مقامات، دوسالی اور ٹپی میں، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 5 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کیے گئے ایک آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ خیبر کے علاقے باغ میں ہونے والی ایک اور کارروائی میں ایک خارجی دہشت گرد ہلاک کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہلاک شدہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے کو دہشت گردی سے مکمل پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین