سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، مطلوب دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا
ڈیرہ اسماعیل خان:
کوہاٹ میں انسدادِ دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی) اور مقامی پولیس کے مشترکہ آپریشن میں پانچ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے، جن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک کمانڈر کے بھائی بھی شامل ہیں۔ یہ کارروائی ضلع کرک میں کی گئی۔
ہلاک ہونے والے دہشت گرد کئی سنگین جرائم میں مطلوب تھے، جن میں ایک بینک ڈکیتی، پولیو ٹیموں پر حملے، بہادر خیل چیک پوسٹ، لاچی ٹول پلازا اور ایک ایف سی قلعے پر حملے شامل تھے۔ موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، 10 فروری کی شب سی ٹی ڈی کوہاٹ کو مصدقہ اطلاع ملی کہ ٹی ٹی پی کے کمانڈر کلیم اللہ کے گروہ کے کارندے ضلع کرک میں موجود ہیں۔ یہ دہشت گرد پہلے ہی کئی حملوں میں ملوث ہونے کے باعث مطلوب تھے۔
اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس نے بندہ داؤد شاہ کے علاقے میر کلام بندہ میں مشترکہ کارروائی کی۔ جیسے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا، فریقین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران پانچ دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں محمد شعیب ولد مظفر خان، ساکن ڈومیل، بنوں بھی شامل تھا، جو کہ ٹی ٹی پی کمانڈر کلیم اللہ کا بھائی تھا۔