ایرانی صدر مسعود پزشکیاں نے تہران میں حماس کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران اپنی حکومت کی جانب سے غزہ اور محورِ مزاحمت کی حمایت کی توثیق کی۔
صدر مسعود پزشکیاں نے ہفتے کے روز اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران محورِ مزاحمت اور غزہ کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
تہران میں حماس کے وفد کی میزبانی کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے غزہ کی تعمیرِ نو اور وہاں کے عوام کی مدد کے لیے ان ممالک پر مشتمل ایک بین الاقوامی اتحاد کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر کے مطابق، ’’یہ یقیناً ممکن ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایران محورِ مزاحمت اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ’’حتمی فتح مزاحمت کے حق میں ہوگی۔‘‘
قبل ازیں، آج رہبرِ انقلاب سید علی خامنہ ای نے حماس شوریٰ کونسل کے چیئرمین محمد اسماعیل درویش، گروپ کے قائم مقام رہنما خلیل الحیۃ اور دیگر سیاسی بیورو کے ارکان سے تہران میں ملاقات کی۔
حماس کی شوریٰ کونسل، جو کہ اس کے سیاسی بیورو کے انتخاب کی ذمہ دار ایک کلیدی مشاورتی مجلس ہے، درویش اور ان کے وفد کی قیادت میں ایک علاقائی دورے پر ہے، جس میں مصر، ترکیہ اور اب تہران شامل ہیں۔
سید علی خامنہ ای نے فلسطینی مزاحمت کو ثابت قدم رہنے کی تلقین کی اور اس بات پر زور دیا کہ ’’ثقافتی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور موجودہ ابلاغی سرگرمیوں کو عسکری امور اور غزہ کی تعمیر نو کے ساتھ جاری رکھنا ضروری ہے۔‘‘
رہبرِ انقلاب نے ایمان کو مزاحمتی محاذ کا دشمن کے خلاف بنیادی ’’غیر متناسب ہتھیار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا، ’’اسی ایمان کی بدولت اسلامی جمہوریہ اور مزاحمتی محاذ دشمنوں کے مقابلے میں خود کو کمزور محسوس نہیں کرتے۔‘‘