سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کا رجحان جاری ہے، آج فی تولہ قیمت یکدم 5 ہزار 300 روپے بڑھ کر ملکی تاریخ میں پہلی بار 3 لاکھ روپے کے قریب پہنچ گئی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق، جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ 24 قیراط کے خالص سونے کی قیمت 5 ہزار 300 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 99 ہزار 600 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح، 24 قیراط 10 گرام سونا 4 ہزار 158 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 56 ہزار 859 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت لاکھ 35 ہزار 454 روپے ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 36 روپے بڑھ کر 3 ہزار 350 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کے نرخ 31 روپے اضافے سے 2 ہزار 872 روپے ریکارڈ کیے گئے ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 53 ڈالر کے اضافے سے 2 ہزار 868 ڈالر ہوگئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز (4 فروری) بھی ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تھا اور فی تولہ قیمت 1 ہزار 900 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 94 ہزار 300 روپے تک جا پہنچی تھی۔
اس سے قبل 31 جنوری کو سونے کے نرخ 2 لاکھ 91 ہزار 800 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیے گئے تھے، اور یہ سلسلہ یکم فروری (بروز ہفتہ) کے بعد گزشتہ روز (3 فروری) کو بھی جاری رہا تھا جب فی تولہ قیمت 2 لاکھ 92 ہزار 400 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی تھی۔