راولپنڈی (مشرق نامہ) – اردن کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد اے۔ الحنیتی نے جمعرات کے روز جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) و ہلالِ جرات سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اردن کے معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری سطح پر تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

