بدھ, فروری 11, 2026
ہومبین الاقوامیپاکستان میں اب بھی 20 لاکھ افغان مقیم ہیں، یو این ایچ...

پاکستان میں اب بھی 20 لاکھ افغان مقیم ہیں، یو این ایچ سی آر
پ

اسلام آباد (مشرق نامہ) – اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اگرچہ 2025 کے دوران دس لاکھ سے زائد افغان شہری واپس افغانستان جا چکے ہیں، تاہم پاکستان میں اب بھی تقریباً 20 لاکھ افغان مقیم ہیں۔

یو این ایچ سی آر کے مطابق صرف نومبر کے مہینے میں 171,055 افغان شہری افغانستان واپس گئے، جن میں سے 37,899 افراد کو چمن، طورخم اور بارابچہ سرحدی راستوں کے ذریعے بے دخل کیا گیا۔ اسی مہینے کے دوران افغان پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ رکھنے والے 31,500 سے زائد افراد کو بھی یو این ایچ سی آر کے ریپیٹری ایشن مراکز کے ذریعے افغانستان بھیجا گیا۔

رپورٹ کے مطابق نومبر میں پاکستان۔افغانستان سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث انسانی ہمدردی کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، سرحد پار نقل و حرکت محدود رہی اور چمن کے سرحدی علاقے سے اقوام متحدہ کے اداروں کو عارضی طور پر منتقل ہونا پڑا۔

یو این ایچ سی آر نے بتایا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب میں قائم تمام 54 مہاجر بستیوں کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود خیبر پختونخوا میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے (آئی ایف آر پی) کے تیسرے مرحلے کے نفاذ میں تیزی کے دوران یو این ایچ سی آر اور اس کے شراکت دار اداروں نے ضروری اور جان بچانے والی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا، جن میں خواتین اور بچیوں کے لیے محفوظ مراکز اور بچوں کے لیے دوستانہ مقامات کی بحالی، قانونی معاونت، ذہنی صحت اور نفسیاتی مدد کی خدمات شامل ہیں۔

اسی دوران خیبر پختونخوا اور دیگر اضلاع میں مہاجرین کے صحت اور تعلیم سے متعلق مراکز کو صوبائی حکام کے حوالے کرنے کا عمل بھی جاری رہا۔

حکومت نے ستمبر 2023 میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کا منصوبہ متعارف کرایا تھا، جس کے نتیجے میں افغان شہریوں کی بڑے پیمانے پر واپسی کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس منصوبے کے پہلے اور دوسرے مرحلے، جو بالترتیب ستمبر 2023 اور اپریل 2025 میں نافذ کیے گئے، غیر دستاویزی افغان شہریوں اور افغان سٹیزن شپ کارڈ رکھنے والوں پر مشتمل تھے۔ ان مراحل کے نفاذ کے نتیجے میں جولائی 2025 تک شہری علاقوں اور مہاجر بستیوں سے 11 لاکھ سے زائد افغان واپس افغانستان جا چکے تھے۔

تیسرا مرحلہ، جو پی او آر کارڈ ہولڈرز کے لیے ستمبر 2025 میں شروع ہوا، اب تک تقریباً 166,000 افراد کی واپسی کا باعث بن چکا ہے۔ مجموعی طور پر آئی ایف آر پی کے آغاز سے اب تک 18 لاکھ 20 ہزار سے زائد افغان شہری افغانستان واپس جا چکے ہیں، جن میں نومبر کے دوران واپس جانے والے 171,055 افراد بھی شامل ہیں، جبکہ 37,899 کی بے دخلی ریکارڈ کی گئی۔

حکومت نے تینوں صوبوں میں قائم تمام 54 مہاجر بستیوں کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا ہے اور افغان شہریوں سے مسلسل اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ واپس افغانستان چلے جائیں۔

یو این ایچ سی آر کے مطابق ادارہ حکومت کے ساتھ اس بات پر مشاورت کر رہا ہے کہ جامعات میں زیر تعلیم افغان طلبہ کو استثنیٰ دیا جائے۔ اگرچہ طلبہ کے حوالے سے کوئی باضابطہ پالیسی تاحال جاری نہیں کی گئی، تاہم اس وقت یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے افغان طلبہ کو آئی ایف آر پی سے مستثنیٰ رکھا جا رہا ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین