کراچی (مشرق نامہ) – پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے وفد نے، چیئرمین سلیم ولی محمد کی قیادت میں، کوریا کے قونصل جنرل یی سنگ ہو اور کوریا ٹریڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی (کوٹرا) کے ڈائریکٹر جنرل ہوانگ سنگ وون سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت میں اضافے، اقتصادی شراکت داری معاہدے اور اہم صنعتی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں پی سی ڈی ایم اے کے نائب چیئرمین شارق فیروز، کنوینر ڈپلومیٹک کمیٹی ناصرالدین فتح ککڈا اور سینئر رکن پرویز ولی محمد شامل تھے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سلیم ولی محمد نے کورین حکام کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے بالخصوص کیمیکل چیپٹرز 28 سے 32 میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کورین کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں عمومی اور خصوصی کیمیکلز کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی معاونت کا آغاز کریں، اور صنعتی تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کی۔ وفد نے ڈائسٹسف انڈسٹری میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا، جبکہ دونوں فریقین نے اپنی اپنی تنظیموں کا مختصر تعارف پیش کیا اور ابتدائی سطح پر ممکنہ تعاون کے شعبوں پر گفتگو کی۔
ڈائسٹسف صنعت سے وابستہ ممتاز تاجر پرویز ولی نے آزاد تجارتی معاہدوں، اقتصادی شراکت داری معاہدوں، مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی رفتار مل سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران کورین حکام نے تجویز دی کہ پی سی ڈی ایم اے کا وفد 2026 میں کوریا میں منعقد ہونے والی ٹیکسٹائل نمائش میں شرکت کرے۔ پاکستانی وفد نے اس تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے قبول کیا اور کہا کہ اس طرح کی شرکت سے پاکستان اور کوریا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

