اسلام آباد (مشرق نامہ) – پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے پیر کے روز چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت، ٹیکس تعاون اور مجموعی معاشی تعلقات کے فروغ کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی توثیق کی اور باہمی معاشی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بین الاقوامی ٹیکس سے متعلق امور دیکھنے والی تکنیکی ٹیمیں عالمی معیارات میں ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں موجودہ ڈبل ٹیکسیشن معاہدے پر بات چیت کریں گی۔
اس وقت بنگلہ دیش کے نیشنل بورڈ آف ریونیو (این بی آر) کا ایک اعلیٰ سطحی وفد 22 سے 26 دسمبر تک پانچ روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان آمدنی پر ٹیکس کے حوالے سے دہری ٹیکسیشن سے بچاؤ اور مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام سے متعلق موجودہ کنونشن میں ترمیم کے لیے پروٹوکول پر مذاکرات کا آغاز کرنا ہے۔
این بی آر کے اس وفد کی قیادت محمد لطفل عظیم، رکن (بین الاقوامی ٹیکس) کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں جی ایم عبد الکلام کیکوباد، رکن (ٹیکس ایڈمنسٹریشن)، بیرسٹر معتسم باللہ فاروقی، فرسٹ سیکریٹری (ٹیکس پالیسی)، محمد عابد الرقیب، کمشنر آف ٹیکسز، محمد جعفر امام، فرسٹ سیکریٹری (ٹیکس پالیسی)، دیوان محمد غلام کبریا، سیکنڈ سیکریٹری، اور عتیق الاسلام، سینئر اسسٹنٹ سیکریٹری، نیشنل بورڈ آف ریونیو، بنگلہ دیش شامل ہیں۔
دورے کے پہلے روز وفد کا استقبال ایف بی آر کے رکن (انتظامیہ) اقبال خان اور ڈائریکٹر جنرل (بین الاقوامی ٹیکس) آفتاب عالم نے کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے بین الاقوامی ٹیکسیشن سے متعلق امور پر خیالات کا تبادلہ اور تجربات شیئر کیے گئے، جبکہ باقاعدہ روابط کے ذریعے ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

