کراچی(مشرق نامہ): سلطنتِ عمان کی رائل نیوی (RNO) کے فلوٹیلا، جو بحری جہاز الراصخ اور الشناس پر مشتمل تھا، نے دو طرفہ مشق تھمر الطیب (TAT) 2025 کے 12ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے کراچی کا دورہ کیا۔
اس مشق کا مقصد بحری سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانا اور پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے۔
کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد پر پاکستان نیوی کے سینئر حکام نے روایتی انداز میں مہمان بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان نیوی کے بینڈ نے بھی پرفارم کیا۔
TAT-2025 نے باہمی سیکھنے، مشترکہ آپریشن صلاحیت (interoperability) بہتر بنانے اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔ پاکستان نیوی اور رائل نیوی آف عمان 1980 سے باقاعدگی سے اس مشق کا انعقاد کر رہے ہیں، جبکہ TAT-2023 عمانی پانیوں میں منعقد ہوئی تھی۔
دورے کے دوران پاکستان نیوی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں، بحری جہازوں پر استقبالیے، اہم نیول تنصیبات اور تربیتی مراکز کے دورے شامل تھے۔ دونوں ممالک کی بحریہ کے اہلکاروں نے مختلف بحری شعبوں میں پیشہ ورانہ مکالمے، عملی مباحثے اور تجربات کے تبادلے میں حصہ لیا۔
دورہ سی فیز کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں دونوں ممالک کے بحری جنگی جہازوں نے جدید بحری جنگی حکمتِ عملی کے مختلف پہلوؤں پر مشتمل اعلیٰ سطحی مشترکہ مشقیں اور آپریشنل منوورز کیے۔

