کوئٹہ(مشرق نامہ): دو روز بعد سیکیورٹی فورسز نے منگل کے روز چاغی ضلع کے نوکنڈی علاقے میں فرنٹیئر کور کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا۔
حکام کے مطابق، “ایف سی قلعے پر حملہ کرنے والے تمام چھے حملہ آور کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مار دیے ہیں۔”
حملہ آوروں نے اتوار کی شب اس وقت کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی جب ایک خودکش حملہ آور خاتون نے قلعے کے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے بتایا کہ انہوں نے فوری طور پر تین مسلح شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا، جبکہ باقی تین عمارت کے اندر گھسنے اور یرغمال بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ فائرنگ منگل کی صبح بند ہوئی، جس کے بعد حکام نے اعلان کیا کہ باقی حملہ آوروں کو رات گئے کیے گئے آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا۔
اس خبر کے فائل ہونے تک، عسکری شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے حملے میں جانی نقصان کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تھا

