مشرق نامہ)اسلام آباد):
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہفتہ کے روز انکشاف کیا کہ پاکستان نے افغانستان کے اندر دہشت گرد ٹھکانوں کے خلاف ایک مجوزہ صفائی آپریشن کو اُس وقت روک دیا جب قطر کی قیادت نے براہ راست مداخلت کی۔
ڈار کے مطابق پاکستان ایک ایسے kinetic آپریشن کے دہانے پر تھا ’’جو انہیں یقیناً سبق سکھا دیتا‘‘ لیکن قطر کی درخواست پر سفارتکاری کو ترجیح دیتے ہوئے کارروائی روک دی گئی۔
وزارت خارجہ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابل کی حکومت نے پاکستان کے تحمل کو کمزوری سمجھ لیا، حالانکہ پاکستان کے پاس ’’بھرپور kinetic صلاحیت‘‘ ہے لیکن پاکستان ’’برادر ملک پر حملہ‘‘ نہیں کرنا چاہتا۔
انہوں نے بتایا:
“معاملہ اُس موڑ پر پہنچ گیا تھا کہ آپریشن شروع ہونے ہی والا تھا۔ قطر کی وزارت خارجہ اُس وقت ہر گھنٹے مجھے فون کر رہی تھی۔ ان کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ ہر گھنٹے کال کرتے تھے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ قطر نے درخواست کی کہ پاکستان کارروائی روک دے اور وہ ثالثی کرکے مسئلہ حل کروائیں گے۔
ڈار نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف نے بھی ان کے مؤقف کی تائید کی اور ’’وہ صفائی آپریشن جو اس رات ہونا تھا—جو یقیناً سبق سکھا دیتا—روک دیا گیا‘‘۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ قطر اور ترکی کی کوششوں کے باوجود مذاکرات میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہ ہوسکی، جس سے ’’ثالث بھی مایوس‘‘ ہوئے۔
اسلام آباد اور کابل کی طالبان حکومت کے درمیان تعلقات گزشتہ چار برس میں اپنی نچلی ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
11 اکتوبر سے تمام باقاعدہ سرحدی راستے بند ہیں، جس کے باعث تجارت اور نقل و حرکت معطل ہے۔ پاکستان نے سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں بھی کیں، جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔
ترکی اور قطر نے سفارتی کوششیں کیں۔ پہلی دوحہ ملاقات میں ایک کمزور سا فائر بندی اتفاق ہوا، دوسری نشست میں صرف تعمیل کی نگرانی کا ایک ابتدائی خاکہ طے ہوا اور مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ لیکن تیسری ملاقات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی۔
گزشتہ ہفتے کابل کی جانب سے پاکستانی فضائی حملوں کے نئے الزامات لگنے کے بعد کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی، جنہیں پاکستان نے سختی سے مسترد کر دیا۔
ڈار نے افغان شہریوں کے ہاتھوں کیے گئے حملوں—جس میں دو امریکی نیشنل گارڈز کی ہلاکت اور تاجکستان میں چینی کارکنوں پر حملے شامل ہیں—کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ “وقت دور نہیں جب مسلمان اور غیر مسلم مل کر اس دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے”۔
انہوں نے طالبان سے کہا کہ وہ ’’صلح پسندوں اور جنگ جوؤں‘‘ میں فرق کریں اور اصلاحات کریں، ورنہ خطے کو سخت فیصلے لینے پڑیں گے۔
مزید کہا کہ وہ افغانستان کے لیے انسانی امداد دوبارہ شروع کرنے کے اقوام متحدہ کے مطالبے پر کام کر رہے ہیں۔ آرمی چیف کی رضامندی حاصل کرلی گئی ہے، صرف وزیراعظم کی منظوری باقی ہے

