مانیڑنگ ڈیسک (مشرق نامہ)سکیورٹی فورسز نے خودکش بمبار سے تین ہینڈ گرنیڈ، گھریلو ساختہ آئی ای ڈی، فیوز اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔
خیبر پختونخوا کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے ایلیٹ فورس اور باجوڑ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران ایک افغان خودکش بمبار اور اس کے مقامی سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق، ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیمیں، ایلیٹ فورس کے اہلکار اور مقامی پولیس پہلے سے ہی سرچ اینڈ اسٹرائیک مشن پر تعینات تھے جب خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ قریب ہی ایک خشک نالے میں دو مشکوک افراد موجود ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ٹیموں نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں افراد نے سکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن مربوط تعاقب کے بعد پکڑ لیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گرفتار افراد ایک بڑا دہشت گرد حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
خودکش بمبار کی شناخت قیس ولد شاہ خان کے طور پر ہوئی، جو وچہ وانا کا رہائشی اور تعلق افغانستان کے صوبہ بلخ کے ضلع چاربولک کے علاقے السولی سے ہے۔ اس کے سہولت کار کی شناخت رفیع اللہ ولد نور محمد کے نام سے ہوئی، جو باجوڑ کا رہائشی ہے۔
سکیورٹی اہلکاروں نے ملزمان کے قبضے سے تین ہینڈ گرنیڈ، ایک گھریلو ساختہ آئی ای ڈی، فیوز اور بارودی مواد برآمد کیا۔ حکام کے مطابق آئی ای ڈی کو ایک نیلے بیگ میں لپیٹا گیا تھا، جسے خودکش بمبار اپنے ساتھ لیے ہوئے تھا۔

