مانیڑنگ ڈیسک (مشرق نامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتہ کے روز کہا کہ ٹیرف ریفارمز اور ایف بی آر کو شفاف انداز میں جدید بنانے کے حکومتی اقدامات کے باعث سامنے آنے والے مثبت رجحانات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ معاشی حکمتِ عملی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تازہ معاشی اعداد و شمار ثابت کر رہے ہیں کہ حکومت کی اصلاحات معیشت کی رفتار میں مسلسل بہتری لا رہی ہیں، جسے کاروباری برادری سمیت پوری قوم محسوس کر رہی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال کیے گئے ٹیرف ریفارمز کے باوجود محصولات میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ درآمدی سطح پر ڈیوٹی اور ٹیکس وصولی میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، حالانکہ قابلِ محصول اشیا کے حجم میں صرف 3.6 فیصد اضافہ ہوا۔ مزید بتایا گیا کہ ڈیوٹی فری درآمدات میں 41.5 فیصد اضافہ بنیادی خام مال اور انٹرمیڈیٹ مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کا اشارہ ہے، جو ملکی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں بہتری کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے ٹیکس چوری روکنے اور تمباکو، ٹائلز اور دیگر بڑے شعبوں میں نظام کی خامیاں دور کرنے کیلئے مؤثر انتظامی اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ایف بی آر سمیت پوری معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور زور دیا کہ اصلاحاتی عمل کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

