غزه (مشرق نامہ) – اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے شمالی شہر بیت لاحیا، مشرقی غزہ سٹی اور جنوبی شہر خان یونس میں فضائی حملے کیے ہیں۔ الجزیرہ عربی کے مطابق خان یونس میں گولہ باری کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں کم از کم 245 فلسطینی شہید اور 627 زخمی ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں جنگ بندی کو ’’نازک‘‘ اور ’’بار بار خلاف ورزی کا شکار‘‘ قرار دیتے ہوئے اس پر عملدرآمد اور امن کوششوں کے فروغ کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں اسرائیل نے ایک ایسے مقام کو نشانہ بنایا ہے جسے اس کی فوج نے ’’اسلحہ ذخیرہ گاہ اور حزب اللہ کی زیرِ زمین دہشت گردی کے ڈھانچے کا مرکز‘‘ قرار دیا ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق شمالی غزہ کے تباہ حال علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی کے لیے زکیم کراسنگ دوبارہ کھول دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 69 ہزار 185 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 70 ہزار 698 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں میں اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک اور تقریباً 200 کو قید کر لیا گیا تھا۔

