مانیڑنگ ڈیسک (مشرق نامہ)جنوبی کوریا کی کمپنی لوٹے کیمیکل نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنی پاکستانی ذیلی کمپنی میں تقریباً 75 فیصد حصص دبئی کی کمپنی پی ٹی اے گلوبل ہولڈنگ کو 6 کروڑ 89 لاکھ ڈالر (98 ارب وون) میں فروخت کر دیے ہیں۔
یہ اقدام جنوبی کوریا کی حکومت کی سرپرستی میں جاری اُس پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد پیٹروکیمیکل صنعت میں خسارے کے شکار اداروں کی تنظیمِ نو کرنا ہے، کیونکہ عالمی سطح پر طلب میں کمی اور فراہمی میں اضافے نے اس شعبے کو دباؤ میں ڈال رکھا ہے۔
لوٹے کیمیکل پاکستان کراچی میں قائم اپنے پلانٹ پر سالانہ 5 لاکھ ٹن ہائی پیوریٹی ٹیرفتھالک ایسڈ (PTA) تیار کرتی ہے، جو پالئیسٹر فائبرز، صنعتی دھاگوں اور پی ای ٹی بوتلوں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔
حصص کی فروخت کے بعد کمپنی نے عدنان آفریدی کو نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) مقرر کیا ہے۔ کمپنی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ حصول ایک "نئے اور پُرجوش دور کا آغاز” ہے جو جدت، عملی مہارت اور حکمتِ عملی پر مبنی ترقی سے متعین ہوگا، اور لوٹے کیمیکل پاکستان کو ملکی پی ای ٹی اور پی ایس ایف صنعت کا کلیدی صنعتی پارٹنر بنائے گا۔
عدنان آفریدی نے کہا کہ کمپنی کا فوری ہدف عملی استعداد میں بہتری، پائیدار منافع اور توانائی بچت ٹیکنالوجیز کے انضمام پر ہے تاکہ پیداواری لاگت میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا،”یہ صرف ترقی کا معاملہ نہیں، بلکہ پاکستان کے کیمیکل شعبے میں کارکردگی کے نئے معیار قائم کرنے کا موقع ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی مرجرز اور ایکوزیشنز کے ذریعے تنوع اور وسعت کے لیے جارحانہ توسیعی حکمتِ عملی اپنانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ پاکستان کی پالئیسٹر اور پیکیجنگ صنعتوں کے لیے ایک مضبوط ترقیاتی شراکت دار کے طور پر ابھرے۔

