ہفتہ, فروری 14, 2026
ہومبین الاقوامیجنوبی سوڈان میں بڑھتی عدم استحکام کے تناظر میں پاکستان کی امن...

جنوبی سوڈان میں بڑھتی عدم استحکام کے تناظر میں پاکستان کی امن معاہدے پر دوبارہ عمل درآمد کی اپیل
ج

اقوامِ متحدہ، 12(مشرق نامہ) نومبر (اے پی پی): پاکستان نے جنوبی سوڈان میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی اور عدم استحکام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ جنوبی سوڈان پر زور دیا ہے کہ وہ "ریفیوٹلائزڈ پیس ایگریمنٹ” پر دوبارہ پختہ عزم کرے تاکہ ملک کو دوبارہ خانہ جنگی کی طرف جانے سے روکا جا سکے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ "ہم اقتدار میں شراکت داری کے انتظامات کے بگڑنے اور پرتشدد جھڑپوں سے پیدا ہونے والے انسانی نقصان، نقل مکانی اور امدادی رسائی میں رکاوٹوں پر فکرمند ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر سیاسی نوعیت کے مسائل ہیں جن کا حل بھی سیاسی طریقے سے ہی ممکن ہے۔ پاکستانی مندوب نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کریں، 2017 کے فائربندی معاہدے کی پاسداری کریں اور جامع مذاکراتی عمل میں واپس آئیں۔

سفیر عاصم احمد نے کہا کہ پاکستان جنوبی سوڈان کے عوام کے ساتھ امن، استحکام اور ترقی کے حصول میں یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے حکومتِ جنوبی سوڈان کے اقوامِ متحدہ، افریقی یونین اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو سراہا۔

پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ تنازعات، شدید سیلاب، ہیضے کی وبا اور پڑوسی ملک سوڈان کی جنگ کے اثرات سے جنوبی سوڈان کو سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی امدادی منصوبے کے لیے مالی وسائل فراہم کرے جو اس وقت صرف 30 فیصد فنڈ شدہ ہے، اور امدادی کارکنوں کے تحفظ و بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ کے امن مشن (UNMISS) کے کردار کو سراہتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی امن دستوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 80 کلومیٹر سے زائد حفاظتی بند تعمیر کیے ہیں، جس سے ہزاروں جانیں محفوظ ہوئیں۔ سفیر عاصم احمد نے کہا کہ جنوبی سوڈان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیاسی عزم، علاقائی تعاون اور عالمی حمایت ناگزیر ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین