ہفتہ, فروری 14, 2026
ہومبین الاقوامیافغانستان میں طاقتور 6.3 شدت کے زلزلے سے کم از کم 10...

افغانستان میں طاقتور 6.3 شدت کے زلزلے سے کم از کم 10 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
ا

کابل / مزارِ شریف(مشرق نامہ): شمالی افغانستان کے شہر مزارِ شریف کے قریب پیر کی صبح 6.3 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور تقریباً 260 زخمی ہوئے، حکام کے مطابق ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کی گہرائی 28 کلومیٹر (17.4 میل) تھی اور یہ مزارِ شریف کے قریب آیا، جس کی آبادی تقریباً 5 لاکھ 23 ہزار ہے۔

صوبہ سمنگان کے محکمہ صحت کے ترجمان سمیم جویندہ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ “اب تک 7 افراد کی شہادت اور 150 زخمیوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جنہیں طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار پیر کی صبح تک اسپتالوں سے موصول ہونے والی رپورٹس پر مبنی ہیں۔

طالبان حکومت کی وزارتِ دفاع کے مطابق بلخ اور سمنگان صوبے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ “فوجی امدادی اور ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئیں اور لوگوں کو ملبے سے نکالنے، زخمیوں کو منتقل کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں۔”

وزارتِ صحت کے ترجمان شرفات زمان نے کہا کہ “ریسکیو ٹیمیں متحرک ہیں، اور جاں بحق و زخمی افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ صحت کے عملے کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے اور قریبی تمام اسپتالوں کو ہنگامی حالت میں رکھا گیا ہے۔”

یو ایس جی ایس کے پیجر (PAGER) سسٹم نے “نارنجی الرٹ” جاری کیا ہے، جو زلزلے کے ممکنہ اثرات سے متعلق خودکار نظام ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ “اس زلزلے کے نتیجے میں نمایاں جانی نقصان کا خدشہ ہے اور آفت وسیع پیمانے پر ہو سکتی ہے۔”

خطرناک فالٹ لائنز
افغانستان زلزلوں کے لحاظ سے انتہائی حساس خطے میں واقع ہے کیونکہ یہ دو فعال فالٹ لائنز پر واقع ہے جو کسی بھی وقت ٹوٹ کر شدید تباہی مچا سکتی ہیں۔

گزشتہ اگست کے آخر میں افغانستان کے جنوب مشرقی حصے میں آنے والے زلزلے اور اس کے شدید جھٹکوں سے 2,200 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

یو ایس جی ایس کے مطابق اس درجے کے زلزلے عام طور پر علاقائی یا قومی سطح کی ہنگامی امدادی کارروائیوں کا تقاضا کرتے ہیں۔

صوبہ بلخ کے ترجمان حاجی زید نے بتایا کہ زلزلے سے مزارِ شریف کے مقدس مزار (نیلی مسجد) کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں امدادی کارکنوں کو ملبے تلے دبے افراد کو نکالتے، تباہ شدہ عمارتوں اور ملبے کے مناظر دکھائے گئے۔ ایک ویڈیو میں رضاکاروں کو ملبے سے لاشیں نکالتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین