کراچی(مشرق نامہ): اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 24 اکتوبر 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 16 ملین ڈالر اضافے سے 14.471 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
مرکزی بینک کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 19.687 ارب ڈالر ہیں، جن میں سے کمرشل بینکوں کے پاس 5.216 ارب ڈالر کے خالص ذخائر موجود ہیں۔
دوسری جانب، عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ فی تولہ سونا 1,000 روپے کم ہو کر 418,862 روپے جبکہ 10 گرام سونا 857 روپے کمی کے ساتھ 359,106 روپے پر آگیا۔
بین الاقوامی منڈی میں فی اونس سونا 3,995.59 ڈالر پر 1.7 فیصد بڑھ گیا، جبکہ امریکی فیوچر ریٹس دسمبر کے لیے 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,009.20 ڈالر فی اونس رہے۔
اسی دوران، پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری آئی، اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے نے 0.01 فیصد اضافہ کیا، جس سے اختتامی شرح 280.92 روپے فی ڈالر رہی۔

