تہران،(مشرق نامہ) 29 اکتوبر (ایرنا/اے پی پی): ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کو آج پہلے سے کہیں زیادہ اقتصادی ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بات ای سی او کے وزرائے داخلہ کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو اس وقت تہران میں جاری ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ طویل وقفے کے بعد اس اجلاس کا انعقاد رکن ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے ای سی او کی علاقائی معاشی انضمام کے لیے کی گئی کوششوں اور نمایاں کامیابیوں کو سراہا، تاہم اس بات کی نشاندہی کی کہ اب بھی کئی شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
ایرانی صدر نے ای سی او وژن 2035 کی تیاری کو خطے کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا اور ای سی او پولیس فورس (ایکوپول) کے قیام کو تنظیم کا ایک اہم مگر نامکمل منصوبہ بتایا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں خطے کو درپیش سنگین چیلنجز کا بھی ذکر کیا۔

