بیجنگ(مشرق نامہ): چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی خلائی اسٹیشن مشن کے تحت ایک پاکستانی خلا نورد (Astronaut) کو مختصر مدت کے مشن میں شامل کرے گا۔ یہ بات سرکاری خبر رساں ادارے شِنہوا (Xinhua) نے جمعرات کو بتائی۔
چینی انسان بردار خلائی ادارے (China Manned Space Agency – CMSA) کے مطابق، پاکستانی خلا نورد کو پے لوڈ ایکسپرٹ کے طور پر اس مشن میں شامل کیا جائے گا، اور وہ چینی خلا نوردوں کے ساتھ تربیت حاصل کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدام چین کے خلائی اسٹیشن مشن کے درمیانی مدتی منصوبے اور تعاون کی پیش رفت کے مطابق ہے۔
چینی اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق، مشن کے دوران پاکستانی خلا نورد نہ صرف عملے کے معمول کے کاموں میں شریک ہوگا بلکہ پاکستان کی جانب سے سائنسی تجربات بھی انجام دے گا۔
یاد رہے کہ مارچ میں پاکستان کے سپارکو (Suparco) اور چین کے CMSA کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت پاکستان کے پہلے خلا نورد کو چینی خلائی اسٹیشن پر بھیجا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاہدے کو “چین کی ایک اور شاندار پیشکش” قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
اپریل میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے، اور چین کو پاکستان کا “سب سے قابلِ اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت دار” قرار دیا تھا۔

