اتوار, فروری 15, 2026
ہومپاکستانپاکستان کے چلغوزہ جنگلات کی بحالی کے منصوبے کو اقوام متحدہ کا...

پاکستان کے چلغوزہ جنگلات کی بحالی کے منصوبے کو اقوام متحدہ کا ایوارڈ
پ

اسلام آباد(مشرق نامہ):پاکستان کے چلغوزہ پائن جنگلات کی بحالی کے منصوبے کو اٹلی میں بین الاقوامی سطح پر بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ منگل کے روز یہ منصوبہ اقوام متحدہ کی دہائی برائے ماحولیاتی نظام کی بحالی (UN Decade on Ecosystem Restoration) کے تحت ورلڈ ریسٹوریشن فلیگ شپ ایوارڈ کا حقدار قرار پایا۔

یہ ایوارڈ ریورسنگ ڈیفاریسٹی شن اینڈ ڈیگریڈیشن ان ہائی کنزرویشن ویلیو چلغوزہ پائن فاریسٹس منصوبے کے لیے دیا گیا، جس کا اعلان روم، اٹلی میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) اور ورلڈ فوڈ فورم کی 80ویں سالگرہ کی تقریب کے دوران کیا گیا۔

یہ منصوبہ 2018 سے 2025 کے درمیان بحالی کے عالمی اقدام (Restoration Initiative) کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس میں وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، صوبائی محکمہ جنگلات اور ایف اے او (FAO) شامل ہیں۔ منصوبے کا مقصد خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں پاکستان کے منفرد چلغوزہ جنگلات کا تحفظ اور ان کی بحالی ہے۔

ایف اے او کے مطابق چلغوزہ کی تجارت سے پاکستان کو سالانہ 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد آمدن ہوتی ہے۔ اس منصوبے کی کامیابی کے بعد اب اسے ملکی وسائل سے مزید وسعت دی جا رہی ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے محکمہ جنگلات کی جانب سے 30 لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ اب تک چلغوزہ کے خراب شدہ جنگلات کے 20 فیصد حصے کی بحالی ممکن بنائی جا چکی ہے، جس کے لیے مقامی آبادیوں کو آمدنی کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جیسے کہ چلغوزہ پراسیسنگ یونٹس کا قیام۔

ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت اب تک 3,800 ہیکٹر بگاڑ زدہ جنگلات کی زمین بحال کی جا چکی ہے۔

یہ ایوارڈ نہ صرف پاکستان کے ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کا اعتراف ہے بلکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مؤثر منصوبہ بندی اور مقامی شمولیت سے پائیدار ترقی ممکن ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین