دبئی،(مشرق نامہ) 27 اکتوبر (اے پی پی):دبئی اور شمالی امارات میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے پیر کے روز ولی عہد فجیرہ شیخ محمد بن حمد بن محمد الشرقی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ قونصل جنرل نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے نیک تمنائیں اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے اور فجیرہ و شمالی امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے یو اے ای حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
ولی عہد فجیرہ نے متحدہ عرب امارات کی ترقی و خوشحالی میں پاکستانی کمیونٹی کے قیمتی کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کے لیے مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔

