مانیڑنگ ڈیسک (مشرق نامہ)کریکس ایریا میں دورے کے دوران چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان نیوی سرکریک سے جیوانی تک ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیوی سمندر میں کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور بحرہند کے خطے میں امن و استحکام کی ضامن قوت ہے۔ ایڈمرل نے کہا کہ سمندری سلامتی صرف عسکری ضرورت نہیں بلکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شہ رگ ہے، کیونکہ یہی پانی کے راستے عالمی تجارت سے جوڑتے ہیں۔
دورے کے دوران پاکستان میرینز میں جدید 2400 ٹی ڈی ہوورکرافٹس کی شمولیت عمل میں آئی، جو کم گہرے پانی، ریتیلے یا دلدلی علاقوں میں بیک وقت کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سے میرینز کو ساحلی تنصیبات کے تحفظ اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے میں برتری حاصل ہوگی۔ ایڈمرل اشرف نے کہا کہ یہ شمولیت نیوی کی جدیدیت، خود انحصاری اور بھرپور دفاعی تیاری کا مظہر ہے۔ انہوں نے کریکس ایریا میں تعینات اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیوی کی آپریشنل تیاری پاکستان کی بحری سرحدوں کے تحفظ اور علاقائی سمندری سلامتی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

