اسلام آباد(مشرق نامہ): پاکستان اور ترکی نے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے، علاقائی روابط کو مضبوط بنانے اور ریلوے کے شعبے میں شراکت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ اتفاق وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی اور ترک وزیر برائے ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالوٗلو کے درمیان ریجنل ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
دونوں ممالک نے انجینئرنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، انسانی وسائل کی پیشہ ورانہ تربیت اور لاجسٹکس کوریڈورز کے قیام سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔ حنیف عباسی نے ترکی کے جدید ریلوے اور لاجسٹکس نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس شعبے میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کا خواہاں ہے۔
دونوں ممالک نے جاری اور آئندہ منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا۔

