میرپور (مشرق نامہ) آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ریاستی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کونسل کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائے تاکہ ریاست کے قوانین کو مکمل طور پر اسلامی تعلیمات کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے نئے تشکیل شدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود کونسل نے آئین کے تحت اپنے فرائض مؤثر انداز میں انجام دیے ہیں اور مختلف قوانین کے حوالے سے حکومت کو سفارشات بھیجی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عبوری آئینِ 1974ء کے آرٹیکل 3 کے تحت “اسلام” کو ریاستی مذہب قرار دیا گیا ہے، جو آزاد کشمیر میں اسلامی نظام کے قیام اور اسلامی اقدار کے فروغ کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
چیف جسٹس نے کونسل کے نئے اراکین کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ علمی و دینی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری قانون و انصاف محمد سجاد، سیکرٹری مذہبی امور عامر محمود مرزا، حافظ رحمت اللہ، مفتی سید کفایت حسین نقوی، مولانا سعید یوسف خان، صاحبزادہ پیر محمد حبیب الرحمان محبوبی، مولانا قاری عتیق الرحمان، مولانا سید عتیق الرحمان شاہ اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی۔

