چمن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے بعد بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں تجارتی سرگرمیاں جزوی طور پر بحال ہو گئی ہیں۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی خالی گاڑیوں اور ٹرکوں کو افغانستان سے پاکستان میں داخلے کی اجازت مل گئی تاہم پیدل چلنے والوں کو ابھی تک سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں ملی۔
افغان ڈرائیورز کے لیے پاسپورٹ اور ویزا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ گاڑیوں کی بڑی تعداد چمن کے مقام پر پاکستان میں داخل ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سے افغانستان بھیجے جانے والے مہاجرین کو بھی سرحد پار بھیجا گیا۔ یہ اجازت عارضی طور پر دی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان اسپین بولدک بارڈر کراسنگ دوبارہ کھول دی گئی ہے۔
فی الحال سرحد صرف تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولی گئی ہے۔ تاہم عام عوام کو بعض وجوہات کے باعث پیدل بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

