اتوار, فروری 15, 2026
ہومپاکستانٹماٹر کی قیمتوں میں شدید اضافہ، حکومت کی بے عملی پر عوام...

ٹماٹر کی قیمتوں میں شدید اضافہ، حکومت کی بے عملی پر عوام پریشان
ٹ

مانٹرئنگ ڈیسک (مشرق نامہ)کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 560 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جب کہ ہول سیل مارکیٹ میں یہ 250 سے 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ سبزی فروشوں پر دوگنی قیمت وصول کرنے کا الزام ہے، جس کے باعث عوام کم مقدار میں خریداری کر رہے ہیں۔ ہول سیل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شاہجہان کے مطابق بلوچستان کی فصل ختم ہونے کے قریب ہے جبکہ ایران سے رسد کم اور پاک افغان سرحدی حالات کے باعث افغانستان سے سپلائی معطل ہے۔

دوسری جانب مرغی کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ زندہ مرغی 300 سے 390 روپے فی کلو اور بون لیس چکن 650 سے 800 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کمی مرغی کی زائد پیداوار اور افغانستان کو برآمدات رکنے کے باعث ہے۔

دالوں کی قیمتیں عالمی منڈی میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر کم نہیں ہوئیں۔ مسور، مونگ، ماش اور چنا 250 سے 530 روپے فی کلو پر مستحکم ہیں۔ ہول سیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کم قیمتوں کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔

چینی کی قیمت 177 سے 200 روپے فی کلو برقرار ہے، تاہم پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کے اقدامات پر تشویش ظاہر کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر سیلز سسٹم میں رکاوٹ جاری رہی تو ملک میں چینی کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔

مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ سے عوام سخت متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ واضح سرکاری ریٹ لسٹ نہ ہونے کے باعث ریٹیلرز من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین