اتوار, فروری 15, 2026
ہومنقطہ نظرامریکہ کی ’منشیات مخالف مہم’ دراصل حکومت کی تبدیلی کی نئی سازش

امریکہ کی ’منشیات مخالف مہم’ دراصل حکومت کی تبدیلی کی نئی سازش
ا

ایوا بارٹلٹ

امریکہ ایک بار پھر وینیزویلا کو نشانہ بنا رہا ہے — واشنگٹن کی اُس طویل مہم کے تسلسل میں جو ملک میں حکومت کی تبدیلی کے مقصد پر مبنی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ جسے جھوٹا طور پر وینیزویلا کے مبینہ منشیات اسمگلروں کے خلاف "جنگ” قرار دیا جا رہا ہے، اُس کے نتیجے میں گزشتہ چند ہفتوں میں کم از کم 21 وینیزویلائی شہریوں کو امریکی فوج نے بغیر کسی ثبوت، عدالت یا مقدمے کے ہلاک کر دیا۔ امریکی افواج، طیارے اور جنگی بحری جہاز وینیزویلا کے پانیوں کے قریب تعینات کیے گئے ہیں، جس سے یہ خدشہ بڑھ گیا ہے کہ امریکہ ملک کے خلاف کسی نئی جنگ کی تیاری کر رہا ہے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران امریکی فوج نے متعدد علیحدہ حملے کیے، جنہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اس بنیاد پر جائز قرار دیا کہ یہ کشتیاں مبینہ طور پر وہ منشیات لے جا رہی تھیں جو "امریکیوں کو زہر دینے کے لیے” روانہ کی گئی تھیں۔ تاہم نہ ٹرمپ اور نہ ہی ہیگستھ نے کسی قسم کا ثبوت پیش کیا اور نہ ہی ان واقعات کے مخصوص مقامات بتائے۔

قانونی طور پر دیکھا جائے تو منشیات کے اسمگلروں سے نمٹنے کا مناسب طریقہ (اگر واقعی وہ اسمگلر تھے) اُنہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنا تھا۔ لیکن ان افراد کو موقع پر ہی قتل کر دیا گیا، بظاہر اُن میزائلوں کے ذریعے جو تمام ثبوت بھی تباہ کر گئے۔ ٹرمپ نے اپنے اقدام کا جواز یہ پیش کیا کہ یہ افراد "انتہائی خطرناک منشیات فروش کارٹیلز اور نارکو دہشت گرد” تھے جو "امریکی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور اہم امریکی مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔”

مختصراً یہ کہ یہ بین الاقوامی پانیوں میں عدالتی عمل کے بغیر قتل ہیں، جن کے لیے کانگریس سے بھی کوئی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔

مزید برآں، 12 ستمبر کو امریکی بحریہ کے تباہ کن جہاز "یو ایس ایس جیسن ڈنہم” سے تعلق رکھنے والے 18 مسلح اہلکاروں نے وینیزویلا کے پانیوں میں ایک مقامی ٹونا فشنگ کشتی "کارمین روزا” پر دھاوا بولا اور اسے آٹھ گھنٹے تک اپنے قبضے میں رکھا، جو کاراکاس کے خلاف ایک اور براہِ راست اشتعال انگیزی تھی۔

ان کارروائیوں کی غیرقانونیت کے علاوہ، ان کا جواز بھی محض ایک بہانہ ہے۔ یہ امر کسی سے پوشیدہ نہیں کہ واشنگٹن کو دنیا بھر میں، خصوصاً لاطینی امریکہ میں، حکومتوں کی تبدیلی کے لیے کمزور بہانوں کا طویل ریکارڈ حاصل ہے۔ اس مخصوص معاملے کی ستم ظریفی یہ ہے کہ خود امریکہ بھی منشیات کی اسمگلنگ کی ایک لمبی تاریخ رکھتا ہے۔

وینیزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وینیزویلا نے اپنے ملک سے تمام بڑے منشیات فروش نیٹ ورکس کا خاتمہ کر دیا ہے، جن میں مشہور گینگ "ٹرین دے اراگوا” بھی شامل ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسدادِ منشیات و جرائم (UNODC) کے سابق سربراہ پینو آرلاکّی کے مطابق، اُن کے دورِ سربراہی میں وہ جن ممالک کے دورے کرتے تھے وہ کولمبیا، بولیویا، پیرو اور برازیل تھے — "لیکن کبھی وینیزویلا نہیں۔ وہاں جانے کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی۔”

اُن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے الزامات محض "جغرافیائی مفادات پر مبنی بہتان تراشی” ہیں، کیونکہ وینیزویلا کی حکومت کا "منشیات کے خلاف جنگ میں تعاون جنوبی امریکہ میں بہترین ممالک میں شمار ہوتا تھا، جس کا موازنہ صرف کیوبا کے بے داغ ریکارڈ سے کیا جا سکتا ہے۔”

آرلاکّی کے مطابق، کولمبیا دنیا کی 70 فیصد سے زیادہ کوکین پیدا کرتا ہے، جب کہ پیرو اور بولیویا باقی تقریباً 30 فیصد کا احاطہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان منشیات کی ترسیل کے راستے بحرالکاہل کے ذریعے ایشیا، مشرقی کیریبین کے راستے یورپ، اور وسطی امریکہ کے راستے امریکہ تک پہنچتے ہیں۔
جغرافیائی طور پر دیکھا جائے تو وینیزویلا ان تینوں اہم راستوں میں شامل نہیں، کیونکہ اس کی سرحد جنوبی اٹلانٹک سے ملتی ہے۔ مجرمانہ لاجسٹکس کے لحاظ سے وینیزویلا عالمی منشیات کے کاروبار میں محض ایک معمولی کردار ادا کرتا ہے۔

وینیزویلا کے گرد امریکی جنگی تیاریوں میں اضافہ

امریکی محکمہ خارجہ میں تین دہائیوں تک مختلف حیثیتوں میں خدمات انجام دینے والے سابق معروف سفارتکار چاس فری مین نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات وینیزویلا کی حکومت کو گرانے کی طویل المدتی امریکی کوشش کا حصہ ہیں۔

اُن کے مطابق، واضح طور پر ٹرمپ انتظامیہ، بالخصوص مارکو روبیو، کاراکاس میں حکومت کی تبدیلی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

اگست میں امریکہ نے صدر مادورو کی گرفتاری میں معاونت کے لیے معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے 5 کروڑ ڈالر کا انعام مقرر کیا — یاد رہے کہ اس سے قبل امریکہ نے القاعدہ/داعش کے معروف دہشت گرد ابو محمد الجولانی، عرف احمد الشراء، پر مقرر کردہ 1 کروڑ ڈالر کا انعام ختم کر دیا تھا، جو شام میں عام شہریوں کے قتل عام کا ذمے دار سمجھا جاتا ہے۔

منشیات کے خلاف جنگ کے نام پر، ٹرمپ انتظامیہ — جس کے دفاعی ادارے کو اب باضابطہ طور پر "محکمۂ جنگ” کہا جا رہا ہے — نے اپنے 10 منصوبہ بند ایف-35 طیاروں میں سے 5 کو پورٹو ریکو منتقل کر دیا ہے، جب کہ کم از کم 8 جنگی بحری جہاز، ایک جوہری آبدوز، اور اندازاً 4 ہزار فوجی بھی اس خطے میں بھیجے گئے ہیں۔

اس کے جواب میں، وینیزویلا نے امریکی خطرات کے خلاف 45 لاکھ افراد پر مشتمل عوامی ملیشیا کو متحرک کر دیا ہے۔ یہ تعداد وینیزویلا کی باقاعدہ فوج کے 95 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ اہلکاروں کے علاوہ ہے۔

حکومت کی تبدیلی کی دیرینہ کوششیں

گزشتہ کئی دہائیوں سے وینیزویلا میں امریکی مداخلت کا مقصد کبھی انسانی حقوق یا منشیات نہیں رہا، بلکہ ہمیشہ ملک کو تابع بنانا اور اس کے وسیع تیل کے ذخائر پر قبضہ کرنا رہا ہے۔

اپنے پہلے دورِ حکومت (2019) میں ٹرمپ نے صدر نیکولس مادورو کے مقابلے میں بدنام زمانہ امریکی حامی سیاست دان خوان گوائیڈو کو "عبوری صدر” تسلیم کیا۔ اسی دوران امریکہ نے وینیزویلا میں کئی تخریبی کارروائیاں کیں تاکہ عوامی رائے کو گوائیڈو کے حق میں موڑا جا سکے۔

یہ کوششیں بری طرح ناکام ہوئیں۔ میں اُس وقت وینیزویلا میں موجود تھی اور خود اُس تباہی کے نتائج دیکھے جو وینیزویلا کی حکومت نے امریکی "تخریب” قرار دی — ملک کا برقی نظام مکمل طور پر مفلوج ہو گیا اور چھ دن تک ملک بھر میں بجلی بند رہی۔ بعد ازاں بجلی کے نظام پر مزید حملے، بشمول آتشزنی، کے باعث نئے بلیک آؤٹس ہوئے۔

امریکی میڈیا نے اس وقت یہ تاثر دیا کہ وینیزویلا مکمل انتشار میں ہے، کہ ملک میں خوراک دستیاب نہیں، اور صدر مادورو عوامی حمایت کھو چکے ہیں۔

میں تین دن بعد کاراکاس پہنچی، اور تاریکی کے باوجود سڑکوں پر سکون اور نظم و ضبط دیکھا۔ اگلے دنوں میں پانی کے مراکز اور اے ٹی ایمز پر لمبی قطاریں ضرور تھیں، مگر کوئی انتشار یا بدامنی نہیں تھی۔ میں نے مارکیٹوں اور غریب علاقوں میں بھی خوراک کی وافر فراہمی دیکھی۔

میں نے صدر مادورو کے حق میں اور امریکی مداخلت کے خلاف بڑے عوامی مظاہرے بھی دیکھے، جن میں اکثریت کاراکاس کی غریب اور افرو نژاد آبادی کی تھی — وہ لوگ جنہیں کارپوریٹ میڈیا کوئی آواز نہیں دیتا۔ ان لوگوں نے واضح طور پر بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ امریکہ کا مقصد وینیزویلا کو غیر مستحکم کر کے اس کے وسائل پر قبضہ کرنا ہے۔

چاس فری مین کے مطابق، امریکہ وینیزویلا کی سیاست کو بری طرح غلط انداز میں سمجھ رہا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ وینیزویلا میں 45 لاکھ افراد پر مشتمل ایک مسلح عوامی ملیشیا ہے جو ممکنہ حملے یا بغاوت کے خلاف متحرک ہے۔ اگر حکومت اپنی طاقت اور عوامی حمایت پر پراعتماد نہ ہوتی تو وہ اتنی بڑی ملیشیا کو مسلح نہ رکھتی۔

یہ تازہ ترین، بدنیتی پر مبنی اور مجرمانہ منصوبہ بھی ماضی کی تمام کوششوں کی طرح ناکام ہونے کا امکان رکھتا ہے۔ تاہم، جیسا کہ ہر سابقہ امریکی مداخلت میں ہوا، امریکہ ایک بار پھر بلا جھجک وینیزویلا کے بے گناہ شہریوں کی جانیں لے گا — اور وہ یہ سلسلہ پہلے ہی شروع کر چکا ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین