مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ) – اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے اعلان کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی جلد ہی بالغ تصدیق شدہ صارفین کے لیے وسیع تر نوعیت کا مواد، بشمول ایر وٹک یا بالغ نوعیت کا مواد، پیش کرنے کی اجازت دے گا۔
اب تک اوپن اے آئی کے تمام پلیٹ فارمز پر جنسی نوعیت کے مواد کی سخت پابندی رہی ہے، تاہم کمپنی نے گزشتہ سال اس پالیسی میں نرمی پر غور شروع کیا تھا۔ آلٹمین کا یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا ہے جب ایلون مسک کے تیار کردہ حریف چیٹ بوٹ "گروک” نے بالغ موضوعات پر مبنی گفتگو کے قابل ورچوئل ساتھی متعارف کرائے تھے۔
آلٹمین نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ کمپنی نے اپنے حفاظتی نظام میں بہتری پیدا کر لی ہے اور یہ تبدیلی چیٹ جی پی ٹی کو بالغوں کے لیے “زیادہ مفید اور لطف اندوز” بنانے کی کوشش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اوپن اے آئی چیٹ بوٹ کو زیادہ ذاتی انداز دے گا اور وہ درخواستیں پوری کرنے کے قابل بنائے گا جو ماضی میں روکی جاتی تھیں۔
آلٹمین کے مطابق، چونکہ ہم نے سنگین ذہنی صحت کے خدشات کو کم کر لیا ہے اور نئے حفاظتی ٹولز تیار کر لیے ہیں، اب زیادہ تر معاملات میں پابندیاں محفوظ طریقے سے نرم کی جا سکتی ہیں۔ بالغ صارفین کے ساتھ بالغوں جیسا سلوک کرنے کے اصول کے تحت ہم تصدیق شدہ بالغوں کے لیے ایر وٹک مواد کی اجازت بھی دیں گے۔
یہ تبدیلیاں دسمبر سے نافذ ہونے کی توقع ہے، جب چیٹ جی پی ٹی مکمل طور پر عمر کی تصدیق (age-gating) کا نظام متعارف کرائے گا۔ آلٹمین نے اس حوالے سے مزید وضاحت نہیں کی کہ صارفین کی عمر کی تصدیق کس طرح کی جائے گی یا کون سا بالغ مواد قابل اجازت ہو گا۔
یاد رہے کہ ایلون مسک اور سیم آلٹمین، جنہوں نے 2015 میں اوپن اے آئی کی بنیاد رکھی تھی، تین سال بعد الگ ہو گئے اور اب مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں حریف بن چکے ہیں۔ 2023 میں لانچ ہونے والا مسک کا چیٹ بوٹ "گروک” سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” میں ضم ہے، جسے کم عمر صارفین کے لیے دستیاب جنسی نوعیت کی خصوصیات پر تنازعات کا سامنا رہا ہے۔
آلٹمین کے اس اعلان پر آن لائن صارفین کی مختلف آراء سامنے آئیں۔ کچھ افراد نے طنزاً کہا کہ چیٹ جی پی ٹی اب “اے آئی اونلی فینز” بنتا جا رہا ہے، جبکہ دیگر نے اسے بالغ صارفین کے انتخاب کی آزادی کے دیرینہ اعتراف کے طور پر سراہا۔

