اتوار, فروری 15, 2026
ہومبین الاقوامینوبل انعام کے بعد وینیزویلا کا ناروے میں سفارتخانہ بند کرنیکا اعلان

نوبل انعام کے بعد وینیزویلا کا ناروے میں سفارتخانہ بند کرنیکا اعلان
ن

کاراکاس (مشرق نامہ) – وینیزویلا نے اعلان کیا ہے کہ وہ ناروے میں اپنا سفارتخانہ بند کر رہا ہے، یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا جب چند روز قبل وینیزویلین اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچادو کو نوبل امن انعام سے نوازا گیا۔

ناروے کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ وینیزویلا کے سفارتخانے نے پیر کے روز اپنی بندش کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

ترجمان کے مطابق، یہ افسوسناک ہے۔ اگرچہ کئی امور پر ہمارے اختلافات ہیں، لیکن ناروے وینیزویلا کے ساتھ مکالمہ جاری رکھنا چاہتا ہے اور اسی سمت میں کام کرتا رہے گا۔

وزارتِ خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوبیل کمیٹی، جو یہ انعام دیتی ہے، ناروے کی حکومت سے مکمل طور پر آزاد ادارہ ہے۔

ماریا کورینا ماچادو، جو 2024 سے روپوش ہیں، کو جمعے کے روز "لاطینی امریکہ میں شہری جرات مندی کی غیر معمولی مثالیں قائم کرنے” کے اعتراف میں نوبل امن انعام دیا گیا۔

انہیں گزشتہ برس کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا، وہی الیکشن جس میں صدر نکولس مادورو متنازع طور پر فاتح قرار پائے تھے۔

ماریا ماچادو نے اپنا نوبیل انعام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور "وینیزویلا کے مصائب سہنے والے عوام” کے نام کیا۔

وینیزویلا نے ناروے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا میں بھی اپنا سفارتخانہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے بجائے، حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ دو نئے سفارتخانے کھولے گی — برکینا فاسو اور زمبابوے میں — جنہیں اس نے “نوآبادیاتی تسلط کے خلاف جدوجہد اور سامراجی دباؤ کی مزاحمت میں اسٹریٹیجک اتحادی” قرار دیا ہے۔

نہ ناروے اور نہ ہی آسٹریلیا کا وینیزویلا میں کوئی سفارتخانہ موجود ہے۔ ان دونوں ممالک کے قونصل خانے کے امور کولمبیا میں قائم اُن کے سفارتخانوں کے ذریعے نمٹائے جاتے ہیں۔

یہ دونوں ممالک طویل عرصے سے امریکہ کے قریبی اتحادی ہیں۔ امریکہ، صدر ٹرمپ کی قیادت میں، لاطینی امریکہ میں منشیات فروش گروہوں کے خلاف باضابطہ جنگ کا اعلان کر چکا ہے، جن میں وینیزویلا کا ٹرن دے اراگوا گروہ بھی شامل ہے۔

ستمبر سے اب تک امریکی فوج نے وائٹ ہاؤس کے احکامات کے تحت بحرِ کیریبین میں منشیات بردار کشتیوں پر کم از کم چار فضائی حملے کیے ہیں۔

صدر نکولس مادورو نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ وینیزویلا میں حکومت کی تبدیلی کی سازش کر رہا ہے اور انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس معاملے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین