جمعرات, اکتوبر 9, 2025
ہومٹیکنالوجیسی این این اور نیویارک ٹائمز کے صحافیوں کی "اسرائیلی انفارمیشن وار"...

سی این این اور نیویارک ٹائمز کے صحافیوں کی "اسرائیلی انفارمیشن وار” کی معاونت
س

مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ) ایک تحقیقاتی میڈیا پلیٹ فارم ‘ڈراپ سائٹ’ کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے ایک مبصر اور نیو یارک ٹائمز کے نامہ نگار ایک ایسی صحافت فیلوشپ میں رہنمائی کر رہے ہیں، جس کا مقصد اسرائیل کو "انفارمیشن وار” میں کامیاب بنانا ہے۔

یہ فیلوشپ 2025 میں جیکی کرش اور ان کے شوہر نے قائم کی تھی اور اسے خود "یہودی موضوعات کے لیے مختص دنیا کی واحد صحافتی فیلوشپ” قرار دیا جاتا ہے، جبکہ اسے "قطعاً غیر جانبدار” بھی بتایا جاتا ہے۔

تاہم، ڈراپ سائٹ کے مطابق جیکی کرش ایک کھلے عام "سخت گیر اسرائیلی حامی” ہیں، جنہوں نے ایک انٹرویو میں اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کو "دنیا کی سب سے اخلاقی فوج” قرار دیا تھا۔ کرش کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیلوشپ اسرائیل کے حق میں "بیانیہ بدلنے” کے لیے شروع کی تھی۔

اس فیلوشپ میں تربیت دینے والے 16 افراد میں دی اٹلانٹک، سپیکٹرم نیوز، دی اسپیکٹیٹر، وائی نیٹ اور ٹائمز آف اسرائیل جیسے اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ ڈراپ سائٹ کے مطابق نیو یارک ٹائمز کی نامہ نگار جوڈی روڈورین اور شیرون اوٹرمن بھی انہی میں شامل ہیں۔

دیگر افراد میں سی این این کے وان جونز بھی ہیں، جنہیں فلسطینی بچوں کی شہادت کو ایران اور قطر کی ڈس انفارمیشن مہم سے جوڑنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور اٹلانٹک کے مائیکل پاول بھی شامل ہیں، جنہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسے اداروں پر اسرائیل کی "سخت تنقید” کرنے کا الزام لگایا ہے۔

جب ڈراپ سائٹ نے فیلوشپ ڈائریکٹر روب اشمین سے پوچھا کہ اپنے اعلان کردہ مقصد کے باوجود یہ پروگرام "قطعاً غیر جانبدار” کیسے ہو سکتا ہے، تو ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد "اسرائیل اور یہودی مسائل پر انصاف اور درستی کو فروغ دینا” ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 65,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا موقف ہے کہ یہ کارروائی 7 اکتوبر کے حملے کے جواب میں ہے، جس میں 1,200 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین