کراچی(مشرق نامہ) (نیوز ڈیسک):دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن نے اپنی 17 سالہ تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔ اتوار کے روز اس کی قیمت پہلی بار 1 لاکھ 25 ہزار 245 امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 کروڑ 52 لاکھ 31 ہزار 578 روپے بنتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بٹ کوائن کی قدر میں صرف ایک روز میں 2.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ مسلسل آٹھواں سیشن ہے جس میں بٹ کوائن کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ماہرین کے مطابق اس تیزی کی بڑی وجوہات میں امریکی اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ بہتری اور بٹ کوائن پر مبنی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) میں سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان شامل ہیں۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود کرپٹو اثاثوں میں دلچسپی بڑھ رہی ہے، اور بٹ کوائن ایک بار پھر "ڈیجیٹل گولڈ” کے طور پر اپنی حیثیت مستحکم کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ بٹ کوائن نے 2009 میں اپنے آغاز کے بعد سے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، تاہم رواں سال اس کی قیمت میں غیر معمولی استحکام اور تسلسل سے اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔