کراچی(مشرق نامہ): مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 16.25 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو گزشتہ سال کے 10.461 ملین ٹن کے مقابلے میں بڑھ کر 12.161 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے مطابق مقامی فروخت 15 فیصد بڑھ کر 9.573 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 8.319 ملین ٹن تھی۔ برآمدات میں بھی 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 2.589 ملین ٹن تک پہنچ گئیں۔
ستمبر 2025 میں سال بہ سال بنیاد پر سیمنٹ کی مجموعی فروخت (مقامی و برآمدات) 7 فیصد بڑھ کر 4.250 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے 3.970 ملین ٹن تھی۔ اس دوران مقامی فروخت میں 14.38 فیصد اضافہ ہو کر یہ 3.418 ملین ٹن تک پہنچ گئی، تاہم برآمدات میں 15.25 فیصد کمی ہوئی اور یہ 831,966 ٹن رہیں، جو گزشتہ سال ستمبر میں 981,646 ٹن تھیں۔