مانچسٹر (برطانیہ)(مشرق نامہ): جمعرات کو شمالی انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں ایک شخص نے یومِ کپور کے موقع پر ایک یہودی عبادت گاہ کے باہر گاڑی افراد پر چڑھا دی اور بعد ازاں چھریوں کے وار کر کے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 2 یہودی افراد ہلاک اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہیٹن پارک ہیبرو کانگریگیشن سینیگاگ میں پیش آیا، جہاں اس وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ حملہ آور کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے سربراہ سر اسٹیفن واٹسن نے بتایا کہ ملزم نے ایسا جیکٹ پہن رکھا تھا جو خودکش جیکٹ معلوم ہو رہا تھا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہ ناقابلِ استعمال تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عبادت گاہ میں داخلے کی کوشش ناکام بنائی اور عمارت کو خالی کرا لیا۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار حملہ آور کو گولی مار رہے ہیں جبکہ ایک زخمی شخص خون میں لت پت زمین پر پڑا ہے۔
یہ واقعہ یہودی مذہبی دن یومِ کپور پر پیش آیا اور 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملوں کی برسی سے چند روز قبل ہوا۔ برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یومِ کپور جیسے مقدس دن پر یہ سانحہ انتہائی افسوسناک ہے، اور وہ اس واقعے کے باعث یورپی یونین سے مذاکرات ادھورے چھوڑ کر وطن واپس آرہے ہیں۔

