مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ)ملٹی نیشنل کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل (پی اینڈ جی) نے پاکستان میں اپنا کاروبار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اب کمپنی کی مصنوعات صارفین تک براہِ راست پہنچنے کے بجائے تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ نے بتایا کہ اس کی پیرنٹ کمپنی پی اینڈ جی نے اپنی عالمی ری اسٹرکچرنگ پالیسی کے تحت پاکستان سے بزنس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پالیسی میں پورٹ فولیو، سپلائی چین اور تنظیمی تبدیلیاں شامل ہیں تاکہ عالمی سطح پر ترقی اور قدر میں اضافہ کیا جا سکے۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی مطلع کیا گیا ہے، جبکہ جیلیٹ پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا تاکہ اس فیصلے کے بعد اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے، جن میں ممکنہ طور پر اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹنگ بھی شامل ہے۔

