مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ)بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سات بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی بھارتی پراکسی گروہ "فتنہ الخوارج” کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ فوج کے مطابق علاقے میں مزید کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ خطرات کو ختم کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔

