لکی مروت(مشرق نامہ) , دہشت گردوں نے ایک بار پھر تعلیم دشمنی کا مظاہرہ کیا، جہاں غزنی خیل تحصیل میں گرلز پرائمری اسکول کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جبکہ ایک اور اسکول کو آگ لگادی گئی۔ پاہڑ خیل پکا گاؤں میں منگل کی رات نصب کیے گئے دھماکا خیز مواد نے کلاس رومز کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری کارروائی میں دہشت گردوں نے ایک اور اسکول کا فرنیچر جلا ڈالا مگر مقامی افراد نے بروقت آگ بجھا کر عمارت کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل گل رحمان زخمی ہوئے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ حکام اور مقامی افراد نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بچیوں کو تعلیم کے حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔

