اقوام متحدہ(مشرق نامہ): پاکستان نے جنرل اسمبلی میں بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی نہ صرف دہشت گردی کا مسلسل مرتکب ہے بلکہ ایک علاقائی غنڈہ بھی ہے۔
پاکستان کے سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے اور دنیا بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت خود سرحدوں کے پار دہشت گردی کو فروغ دینے اور اس کی سرپرستی کرنے میں ملوث ہے، اور بھارتی انٹیلی جنس نیٹ ورکس خطے کے ممالک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
محمد راشد نے مزید کہا کہ بھارت کی پالیسیوں نے جنوبی ایشیا کو یرغمال بنا رکھا ہے اور اس کی انتہا پسند سوچ نفرت، تقسیم اور اسلاموفوبیا کو ہوا دیتی ہے۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے نام کو مسخ کرنے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ یہ طرزِ عمل بھارتی فرسٹریشن اور چھوٹی ذہنیت کو بے نقاب کرتا ہے، جو عالمی فورم پر غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ رویے کی عکاسی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے مئی کے حالیہ تصادم میں بھارت کو واضح شکست دی، اور اب پاکستان خطے میں امن قائم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔

