پیر, فروری 16, 2026
ہومپاکستانپاکستان ایک باوقار بحری ملک بنے گا: صدر

پاکستان ایک باوقار بحری ملک بنے گا: صدر
پ

اسلام آباد، (مشرق نامہ) ستمبر (اے پی پی): صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا بحری مستقبل روشن ہے اور قومی اتحاد، عزم اور بہترین کارکردگی کے ذریعے ملک ایک مسابقتی، پائیدار اور عالمی سطح پر باوقار سمندری طاقت بن کر ابھرے گا۔

عالمی یومِ میری ٹائم ٹریڈ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ ’’سمندری شعبہ پاکستان کی تجارت، رابطوں اور معاشی استحکام کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ پاکستان اپنی بحری ترقی کے ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ ہمارے سمندر نہ صرف تجارت کے دروازے ہیں بلکہ قومی ترقی، رابطوں اور عالمی تعلقات کی بنیاد بھی ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ پورٹس کی اپ گریڈیشن، انفراسٹرکچر کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن اور استعداد کار میں اضافے پر مبنی جامع اصلاحات جاری ہیں تاکہ پاکستان کے بحری شعبے کو جدت، استعداد اور لچک کے ساتھ ایک عالمی معیار کے مرکز میں بدلا جا سکے۔

صدر نے بتایا کہ مختلف میری ٹائم پالیسیوں کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ پورے شعبے کو بہتر بنایا جا سکے۔ پاکستانی شپنگ کمپنیوں کے لیے خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے غیر ملکی کیریئرز پر انحصار کم ہوگا، فریٹ سکیورٹی مضبوط ہوگی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسٹمز اور تجارتی سہولت کاری کے نظام کو بھی جدید بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو کے تحت ’’پورٹ کمیونٹی سسٹم‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے پورٹ آپریشنز کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے اور میری ٹائم سپلائی چین کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آپس میں جوڑا جا رہا ہے۔

صدر نے کہا کہ کراچی اور پورٹ قاسم سمیت دیگر بندرگاہوں کو اپ گریڈ اور جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کو سنبھال سکیں اور علاقائی تجارتی و رابطہ کاری کے مراکز کے طور پر ابھر سکیں۔ یہ اقدامات کسی ایک شعبے تک محدود نہیں بلکہ ایک قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جو بین الاقوامی اصولوں اور کنونشنز کے مطابق ہیں اور پاکستان کے طویل المدتی معاشی و تزویراتی مفادات کو تحفظ دیتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہتر پالیسیوں اور محنت کے ذریعے پاکستان ایک ترقی یافتہ اور مضبوط بحری مستقبل کی تعمیر کرے گا۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین