مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ) – غزہ میں اسرائیلی بمباری اور جبری بے دخلی کے دوران خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں کی دیکھ بھال نہایت خطرناک ہو گئی ہے۔
دیر البلح کی رہائشی عبیر حسن اپنے آٹزم کے شکار بیٹے عبداللہ کی دیکھ بھال کو ایک اذیت ناک اور جان لیوا تجربہ قرار دیتی ہیں۔ ان کے مطابق اسرائیلی دھماکوں کی مسلسل آوازیں عبداللہ کو خوفزدہ کر دیتی ہیں۔
عبیر حسن نے الجزیرہ کو بتایا کہ جیسے ہی لوگ علاقے سے نکلنا شروع ہوئے تو انہیں بھی نکلنے پر مجبور کیا گیا۔ عبداللہ گاڑیوں میں سوار بے گھر ہونے والے خاندانوں کو دیکھتا، پھر خیمے میں واپس آ کر سخت تناؤ اور گھبراہٹ کا شکار ہو جاتا اور اشاروں کی زبان سے بات کرتا۔
ان کے مطابق سب سے پہلے وہ ایک بے گھر کیمپ ’’امیرہ‘‘ پہنچے جو مکمل طور پر بھرا ہوا تھا اور وہاں خیمے لگانے کی جگہ نہ تھی۔ ’’بعد میں ہمیں صلاح الدین اسٹریٹ کے قریب جگہ تلاش کرنے کو کہا گیا، حالانکہ وہاں خطرہ زیادہ تھا۔ میری بیٹیاں اور میں رو رہے تھے اور عبداللہ شدید تناؤ میں آ کر عجیب آوازیں نکالنے لگا۔ سخت گرمی ہے اور ہمیں معلوم نہیں کہاں جائیں،‘‘ انہوں نے کہا۔
اکتوبر 2023 میں اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج محصور علاقے کے فلسطینیوں کو بارہا جبری انخلا کے احکامات دے چکی ہے، اکثر انہیں جنوبی علاقے المواسی جانے کو کہا جاتا ہے جسے بظاہر ’’محفوظ زون‘‘ قرار دیا گیا ہے۔
تاہم المواسی بھی اسرائیلی حملوں کی زد میں رہا ہے اور غزہ شہر سے نامعلوم سمت کی طرف جانے والے فلسطینیوں پر بھی حملے ہوئے ہیں۔
عبداللہ کے لیے یہ مسلسل انخلا کے احکامات اور بمباری کی آوازیں اس بات کا سبب بنی ہیں کہ وہ زیادہ تر وقت سڑکوں پر گھومتا رہتا ہے اور اس نے اپنے بال نوچنے کی عادت اختیار کر لی ہے۔ اس عادت کو روکنے کے لیے گھر والوں نے اس کے بال چھوٹے کر دیے ہیں۔
عبیر حسن نے کہا کہ میں نے اسے دوبارہ وہ نیند کی گولیاں دینا شروع کی ہیں جو پہلے دی جاتی تھیں تاکہ وہ گرمی میں باہر نہ جائے۔ میرے پاس کوئی اور راستہ نہیں۔ ہمیں بے دخلی سے دو دن قبل معلوم ہوا کہ میرا موبائل فون خراب ہو گیا ہے؛ یہی فون عبداللہ کو موبائل گیمز اور ویڈیوز سے پرسکون رکھنے کا واحد ذریعہ تھا۔
’’ہم سب شدید دباؤ میں ہیں … بچے بھی اور بڑے بھی۔ ایک موقع پر میں نے دعا کی کہ خدا ہمیں ایک ساتھ لے لے تاکہ عبداللہ اکیلا نہ رہ جائے۔ یہاں وہ سب کچھ میسر نہیں جو اسے چاہیے،‘‘ انہوں نے التجا کی۔
غزہ کی وزارت صحت نے اتوار کو بتایا کہ تقریباً دو سال سے جاری شدید حملوں اور اسرائیلی چھاپوں میں کم از کم 66 ہزار 5 افراد جاں بحق اور 1 لاکھ 68 ہزار 162 زخمی ہو چکے ہیں۔

