مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ) ایران نے اسرائیل کی خفیہ دستاویزات اور حساس معلومات ہیکنگ کے ذریعے حاصل کرنے کے بعد لیک کر دی۔ مذکورہ دستاویزات صیہونی حکومت کی اسلحہ جاتی انٹیلیجنس انفارمیشن، صیہونی اسلحہ جاتی پروجکٹوں کے سینیئر ڈائریکٹروں، سائنسدانوں اور محققین کی فہرست اور مذکورہ پروجکٹوں پر کام کرنے والے امریکی اور یورپی سائنسدانوں کی معمولات پر مشتمل ہے۔
گزشتہ شب ایرانی ٹی وی پر "نہاں خانہ عنکبوت” کے عنوان سے نشر ہونے والی ڈاکومنٹری انہی معلومات پر مشتمل ہے۔ جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے انٹیلیجنس کے وزیر اسماعیل خطاب نے بتایا کہ مذکورہ انٹیلیجنس انفارمیشن اور ان کی دستاویزات کی کامیاب ایران منتقلی، پیچیدہ انٹلیجنس کارروائیوں کے ذریعے عمل میں آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران منتقل کی جانے والی انٹلیجنس انفارمیشن سے متعلق یہ دستاویزات دسیوں لاکھ صفحات پر مشتمل ہیں۔
ایران کے انٹلیجنس کے وزیر نے بتایا کہ ان دستاویزات میں غاصب صیہونی حکومت کے ماضی کے اسلحے کے پروجکٹوں، ایٹمی ہتھیاروں اور ان کی جدید کاری کے پروجکٹ، صیہونی حکومت، امریکا اور یورپ کے مشترکہ پروجکٹوں کے علاوہ جوہری ہتھیاروں سے تعلق رکھنے والوں اور ان کے ادارے اور دفتری ڈھانچے کی مکمل معلومات موجود ہیں۔
ایران کے انٹلیجنس کے وزیر کے مطابق ان دستاویزات میں انسانیت مخالف اسلحہ پروجکٹوں کے سینیئر افسران، سائنسدانوں و محققین اور متعلقہ پروجکٹوں سے منسلک امریکی اور یورپی سائنسدانوں کی فہرست، تنصیبات کی لوکیشن، کمپنیوں اور سبھی کارکنوں کے نام وغیرہ بھی موجود ہیں۔