مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ) تحریک حماس نے غزہ میں جنگ بندی کی تجاویز کو تحریک کی جانب سے مسترد کرنے کے بارے میں امریکی صدر کے جھوٹے دعوؤں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے منگل کے روز امریکی صدر ‘ڈونلڈ ٹرمپ’ کے ان بیانات کے جواب میں ایک بیان جاری کیا جن میں ٹرمپ نے یہ جھوٹا دعویٰ کیا تھا کہ حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات مسترد کر دیئے ہیں، اور ان دعوؤں کو سراسر بے بنیاد اور غلط قرار دیا ہے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حماس کبھی بھی غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کے حصول میں رکاؤٹ نہیں رہی، اور اس نے اس سلسلے میں ہمیشہ انتہائی لچک اور مثبت رویہ کا مظاہرہ کیا ہے۔ امریکی حکومت، ثالث اور عالمی برادری اچھی طرح جانتی ہے کہ معاہدے کی واحد رکاؤٹ جنگی مجرم نیتن یاہو ہے۔
حماس نے یاد دلایا کہ "دہشت گرد نیتن یاہو” نے گزشتہ جنوری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی، اور یہاں تک کہ ‘وِٹیکاف’ کے اس مذاکرات کو بھی نظرانداز کر دیا جس سے حماس نے اتفاق کیا تھا، اس سے پہلے قطر کے شہر دوحہ میں تحریک کی مذاکراتی ٹیم کے ہیڈکوارٹر کو بمباری کرکے ایک اور سنگین جرم کا ارتکاب کیا، جب وہ ٹرمپ کے آخری پلان کا جائزہ لے رہی تھے۔
تحریک نے اختتام پر مطالبہ کیا کہ "امریکی حکومت انصاف کا ساتھ دے اور مثبت مداخلت کرتے ہوئے، غاصب صہیونی رجیم کو فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی، نسلی صفائی اور جبری بے دخلی کے جرائم روکنے پر مجبور کرے، اور اس وحشیانہ جنگ سے اپنی سیاسی اور فوجی حمایت واپس لے۔”