لندن (مشرق نامہ): اووو ایرینا، ویمبلی میں بدھ کو منعقدہ ٹُوگیدر فار فلسطین (T4P) کنسرٹ فلسطین کے لیے برطانیہ کا سب سے بڑا فنڈ ریزنگ ایونٹ ثابت ہوا، جس میں فلسطینی تنظیموں کے لیے کم از کم 20 لاکھ ڈالر جمع کیے گئے۔
تقریب میں بینڈکٹ کمبربچ، نکولا کوغلان، مہدی حسن، سینٹ لیونٹ اور دیگر فنکاروں و کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی برطانوی کامیڈین گز خان نے کی، جب کہ اداکار رض احمد نے ان کے ساتھ افتتاح کیا۔
شرکاء نے اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے خلاف آواز بلند کی اور جنگ بندی، اسرائیل پر پابندیوں اور نسل کشی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ برطانوی موسیقار برائن اینو، فلسطینی گلوکار سینٹ لیونٹ، اداکارہ فلورنس پیو اور نکولا کوغلان سمیت کئی فنکاروں نے فلسطین کی آزادی کے حق میں تقاریر اور پرفارمنسز پیش کیں۔
اداکار رچرڈ گیئر نے تقریب میں کہا کہ اب روشنی ہمارے ’’فلسطینی بھائیوں اور بہنوں‘‘ پر ڈالنے کا وقت ہے۔ صحافی مہدی حسن نے 270 سے زائد شہید فلسطینی صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور نعرہ لگوایا: ’’You can’t bomb the truth away‘‘۔
تقریب کا اختتام فلسطینی احتجاجی گانوں پر رقص و موسیقی کے مظاہرے سے ہوا، جس میں لندن عرب آرکسٹرا اور جزور ڈانس کلیکٹیو نے شمولیت کی، جبکہ ڈیمون البرن اور ان کے بینڈ گوریلاز نے بھی پرفارم کیا۔
یہ کنسرٹ ایک ایسے وقت میں منعقد ہوا جب اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی کارروائیاں غزہ میں نسل کشی کے مترادف ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک 65 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیلی حراست میں کم از کم 75 فلسطینی قیدی بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

