اسلام آباد (مشرق نامہ): بدھ کے روز پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے اپنا نیا انگریزی زبان کا ڈیجیٹل نیوز چینل "پی ٹی وی ڈیجیٹل” لانچ کیا، جس کا مقصد عالمی ناظرین تک پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پہنچانا اور پاکستان مخالف بیانیے کا توڑ کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے چینل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، سیکرٹری اطلاعات امبرین جان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یہ نیا چینل پی ٹی وی کی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے ذریعے وہ اپنی ڈیجیٹل موجودگی کو وسعت دے کر بین الاقوامی ناظرین کو خطے اور دنیا کے اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے چینل کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور نوجوان پروفیشنلز سے ملاقات کی۔ اُنہوں نے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی پروپیگنڈے کا جواب دینے میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کا یہ جوش و جذبہ "بیانیے کی جنگ” میں فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد مستند خبریں فراہم کرنا اور پاکستان سے متعلق غلط بیانیوں اور گمراہ کن اطلاعات کا مؤثر جواب دینا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چینل کے لیے اپنا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کرایا جس کے کچھ حصے بعد ازاں نشر کیے گئے۔
انہوں نے کہا: اگر آپ درست سمت میں ہوں، اور پوری لگن اور توانائی کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کے لیے وقف ہوں تو یہ سب سے بڑی ترغیب ہے۔ جب ان سے اگلے دس برس میں پاکستان کے بارے میں اُن کے وژن سے متعلق پوچھا گیا تو اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان اُس وقت "نمایاں معاشی ترقی، امن اور خوشحالی کے ساتھ دنیا میں سر بلند کھڑا ہوگا۔
وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ پی ٹی وی ڈیجیٹل ملک کی ایک بااعتماد اور مؤثر آواز کے طور پر کام کرے گا، معلوماتی خلا کو پُر کرے گا اور انگریزی زبان کے پلیٹ فارم کے ذریعے عوامی سفارتکاری کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینل کا فوکس عالمی امور، ثقافتی پہلوؤں، معاشی ترقی اور جامع تجزیوں پر ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چینل کی خبر رسانی کا ماڈل اندرونِ خانہ رپورٹنگ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے فری لانس نیٹ ورک اور رائٹرز و ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) جیسی نیوز ایجنسیوں سے شراکت داری پر مشتمل ہوگا، تاکہ حقیقی وقت میں مستند اور اعلیٰ معیار کی خبریں نشر کی جا سکیں۔
عطااللہ تارڑ نے زور دیا کہ یہ اقدام مغربی اور بھارتی اثر و رسوخ والے علاقائی میڈیا میں رائج یک طرفہ بیانیے کے توڑ کے لیے ہے۔ اُن کے مطابق چینل کا اسٹریٹجک ہدف یہ ہے کہ: پاکستان کی کہانی پہلے ہم بیان کریں، اس سے قبل کہ کوئی دوسرا اسے اپنی مرضی کے مطابق پیش کرے۔

