راولپنڈی(مشرق نامہ):سیکیورٹی فورسز نے مستونگ ضلع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن (آئی بی او) کے دوران چار بھارتی ایجنسیوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جو بلوچستان میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ اس بات کا اعلان جمعہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔ مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا:”12 ستمبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الہندستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران اپنی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
مزید کہا گیا کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔

